لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ کا حلقہ این اے 131 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم، الیکشن کمیشن کو عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے سے بھی روک دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون الرشید نے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے حلقہ این اے 131 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے دائر درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے سے بھی روک دیا۔
خواجہ سعد رفیق نے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ اس سے قبل خواجہ سعد رفیق نے این اے 131 میں عمران خان کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست ریٹرننگ آفیسر کو دی تھی، ریٹرننگ آفیسر نے خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر مسترد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد چیئرمین تحریک انصاف کی کامیابی کو برقرار رکھا۔ عمران خان کو خواجہ سعد رفیق پر 680 ووٹوں کی برتری حاصل تھی لیکن مسترد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد یہ برتری کم ہو کر 608 رہ گئی ہے۔ جس پر خواجہ سعد رفیق نے مکمل ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کی جسے آر او نے مسترد کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ عام انتخابات 2018 میں لاہور کے حلقہ این اے 131 میں کل ووٹرز کی تعداد 364،213 تھی جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 198،699 جبکہ خواتین ووٹرز 165،514 تھیں۔