پی ٹی آئی آج عمران خان کو باضابطہ وزیراعظم نامزد کرے گی

Last Updated On 06 August,2018 09:17 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کپتانی کے بعد حکمرانی، پارلیمانی طاقت کے مظاہرے کیلئے پی ٹی آئی کی بڑی تیاری، آج اہم اجلاس ہوگا۔ عمران خان کو باضابطہ وزیراعظم کیلئے امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے امیدواروں کے چناؤ کا بھی امکان ہے۔

مرکز میں حکومت سازی، نمبر گیم پوری کرنے کے بعد پی ٹی آئی کا آج باقاعدہ اپنے پتے شو کرنے کا فیصلہ، پارلیمانی پارٹی کا اجلاس مقامی ہوٹل میں ہو گا، جس کی قیادت عمران خان کریں گے۔ پارلیمانی پارٹی عمران خان کو باضابطہ وزیراعظم نامزد کرے گی۔ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کے امیدواروں کے ناموں پر غور ہوگا۔ اجلاس میں اتحادی جماعتوں کو وفاق اور صوبائی حکومتوں میں نمائندگی سمیت اہم فیصلوں کا بھی امکان ہے۔ پنجاب اور کے پی کے میں حکومت سازی کے امور سمیت بلوچستان میں شراکت اقتدار کے معاملات بھی اجلاس میں زیر بحث آئیں گے۔

9 آزاد ارکان کی شمولیت کے بعد قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کا اپنا انفرادی اسکور 125 ہو گیا ہے۔ فواد چودھری کہتے ہیں کہ اتحادیوں، خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کو شامل کرنے کے بعد پی ٹی آئی کا نمبر بڑھ کر 174 تک پہنچ چکا ہے جو مطلوبہ ہدف سے زیادہ ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق بی این پی کی حمایت کے بعد 177 کا فگر حاصل کر لیں گے۔