اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے نامزد وزیرِاعظم عمران خان کا دو حلقوں سے نوٹیفکیشن روک لیا، تین حلقوں سے کامیابی کا سرکاری اعلان کر تو دیا، مگر ضابطہ اخلاق کیس کے فیصلے سے مشروط، ادھر پرویز خٹک اور ایاز صادق کی کامیابی پر بھی شرط لگا دی گئی۔
چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کی جیت کا 3 حلقوں سے مشروط نوٹیفکیشن جاری، دو حلقوں کا نوٹیفکیشن روک لیا گیا، پرویز خٹک اور ایاز صادق کی کامیابی کا بھی مشروط اعلان کر دیا گیا۔
پی ٹی آئی کپتان کے این اے 35 بنوں، این اے 95 میانوالی اور این اے 243 کراچی سے کامیابی کے نوٹیفکیشن اس شرط کے ساتھ جاری کئے گئے ہیں کہ اگر ضابطہ اخلاق کیس کا فیصلہ ان کے خلاف آیا تو سمجھا جائے گا کہ نوٹیفکیشن جاری ہی نہیں ہوا۔
عمران خان کا این اے 53 اسلام آباد سے نوٹیفکیشن سرِعام بلے پر مہر لگانے پر الیکشن کمیشن کے نوٹس کی وجہ سے روکا گیا۔ این اے 131 سے نوٹیفکیشن میں سعد رفیق کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کا حکم امتناع آڑے آ گیا۔
دوسری جانب عمران خان کے اہم کھلاڑی پرویز خٹک کو انتخابی مہم میں غیر اخلاقی الفاظ کا استعمال مہنگا پڑا۔ الیکشن کمیشن نے ان کی این اے 25 نوشہرہ اور کے پی اسمبلی کے دو حلقوں سے کامیابی کو ضابطہ اخلاق کیس کے فیصلے سے مشروط کر دیا۔
مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق کو بھی شعلہ بیانی کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔ این اے 129 لاہور سے کامیابی کا نوٹیفکیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مقدمے سے مشروط کر دیا گیا۔