انتخابات میں مبینہ دھاندلی، اپوزیشن آج الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کریگی

Last Updated On 08 August,2018 08:58 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کے خلاف شہباز شریف کی قیادت میں متحدہ اپوزیشن آج اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کرے گی۔

متحدہ اپوزیشن مبینہ انتخابی دھاندلی کیخلاف آج الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔ اپوزیشن جماعتوں نے اسلام آباد انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ الیکشن کمیشن کے سامنے جلسہ عام نہیں ہوگا صرف پر امن احتجاج کیا جائے گا۔ احتجاج کے باعث ریڈزون میں سیکورٹی کے سخت انتظامات ہیں، غیر متعلقہ افراد کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہ ہوگی۔

متحدہ مجلس عمل کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے الائنس نے متفقہ طورپر الیکشن نتائج مسترد کر دیئے ہیں، الیکشن کمیشن اپنی ناکامی پر مستعفی ہو جائے۔ پی پی رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے آج بڑا شو ڈاؤن نہیں ٹوکن احتجاج ہو گا، پی ٹی آئی مخالف جماعتوں کا اتحاد نہیں ہوا، صرف دھاندلی کے خلاف مفاہمت ہے۔

الیکشن کمیشن کے سامنے آج ہونیوالے مظاہرے کی قیادت مسلم لیگ (ن) کے سربراہ شہبازشریف کرینگے، دیگر جماعتوں کے رہنما بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔ ادھر فضل الرحمان کے بیٹے اسعد محمود کو ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کیلئے متفقہ امیدوار نامزد کر دیا گیا۔