جنگ اور قوت کا استعمال افغانستان کے مسئلے کا حل نہیں، عمران خان

Last Updated On 08 August,2018 07:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں تعینات قائم مقام امریکی سفیر جان ہُوور نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات میں انھیں انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

قائم مقام امریکی سفیر جان ایف ہوور کی قیادت میں امریکی سفارتی وفد نے بنی گالہ میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاک امریکا تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی سفیر جان ہُوور کا ملاقات میں کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات کو مزید بہتر بنائیں گے۔

 

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں مکمل استحکام کا خواہش مند ہے، میں نے ہمیشہ افغانستان میں سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ جنگ اور قوت کا استعمال افغانستان کے مسئلے کا حل نہیں، افغانستان کا استحکام پاکستان، امریکا اور خطے کے مفاد میں ہے، خوشی ہے کہ آج امریکا سے بھی سیاسی حل کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات نے تاریخ میں کئی اتار چڑھاؤ دیکھے، تعلقات میں اتار چڑھاؤ کی بنیادی وجہ دونوں ممالک میں باہمی اعتماد کا فقدان ہے، تحریکِ انصاف امریکا کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعلقات کیلئے پرعزم ہے، ہم امریکا کے ساتھ مستحکم تجارتی اور معاشی تعلقات کو نہایت اہم سمجھتے ہیں، پاکستان کے امریکا کے ساتھ سفارتی تعلقات میں مزید سرگرمی وقت کا تقاضا ہے۔