اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کو خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کا کوٹہ الاٹ کر دیا۔ حتمی پارٹی پوزیشن کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 158 ہوگئی۔ 82 نشستوں کے ساتھ ن لیگ کا دوسرا نمبر ہے۔
قومی اسمبلی میں مخصوص نشستیں بھی الاٹ، تحریک انصاف 33 سیٹوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ ن لیگ کے حصے میں 18 نشستیں آئیں، پیپلزپارٹی کے بھی 11 ارکان بڑھ گئے۔ ایوان زیریں میں حتمی پارٹی پوزیشن بھی جاری کر دی گئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں خواتین کی 60 مخصوص نشستوں میں سے تحریک انصاف کو 28، مسلم لیگ ن کو 16 اور پیپلزپارٹی کو 9 نشستیں ملیں۔ ایم ایم اے کو 2 جبکہ ق لیگ، جی ڈی اے، ایم کیو ایم، بی این پی مینگل اور بلوچستان نیشنل پارٹی کو خواتین کی ایک ایک مخصوص نشست الاٹ کی گئی۔
قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی 10 مخصوص نشستوں کا بھی فیصلہ کردیا گیا، جس کے مطابق تحریک انصاف کو 5، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو 2،2 جبکہ ایم ایم اے کو ایک اقلیتی نشست ملی۔ قومی اسمبلی کے 9 آزاد ارکان نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی جبکہ 4 نے آزاد حیثیت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قومی اسمبلی کی حتمی پارٹی پوزیشن کے مطابق تحریک انصاف 158 ارکان کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد 82، پیپلزپارٹی کے 53 جبکہ ایم ایم اے کی 15 ہوگئی۔ ایم کیو ایم پاکستان 7، ق لیگ اور بلوچستان عوامی پارٹی 5، 5 جبکہ بی این پی مینگل 4 اور جی ڈی اے کی نشستیں 3 ہوگئی ہیں۔ اے این پی، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی ایک ایک رکن کے ساتھ ایوان میں موجود ہے۔