اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے مطالبے پر حلقے کھولنے کے لئے تیار ہیں۔ وہ خود ایوان میں بیٹھیں گے اور اراکین کے سوالات کا جواب دیں گے۔
اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کے ارکان اسمبلی اور اتحادیوں کے اعزاز میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹ کو مضبوط کرے گی، میں خود ایوان میں بیٹھوں گا، اہم ملکی فیصلے پارلیمنٹ میں ہی کریں گے، ایوان میں اراکین کے سوالوں کے خود بھی جواب دوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت سازی میں تعاون پر اتحادیوں کا شکر گزار ہوں، اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ تحریکِ انصاف پارلیمنٹ کی بالا دستی پر یقین رکھتی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے ہمارے مطالبے پر حلقے نہیں کھولے، لیکن ہم اپوزیشن کے مطالبے پر حلقے کھولنے کے لئے تیار ہیں۔ انتخابات میں ووٹ خریدنے کا کلچر تبدیل ہونا چاہیے، ہم ووٹ خریدنے کے کلچر کے راستے میں رکاوٹ بنیں گے۔ عمران خان نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے نام پر بھی اتحادیوں کو اعتماد میں لیا۔