قاسم خان سوری ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی منتخب

Last Updated On 15 August,2018 10:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے نامزد امیدوار قاسم خان سوری نے 183 جبکہ ان کے مدمقابل اپوزیش کے امیدوار اسعد محمود الرحمان نے 144 ووٹ حاصل کیے۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار قاسم خان سوری ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے 183 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل متحدہ اپوزیشن کے امیدوار اسعد محمود 144 ووٹ حاصل کیے۔ ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے 328 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے ایک ووٹ مسترد ہوا۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے اسد قیصر سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ مجموعی طور پر 330 ووٹ کاسٹ کئے گئے جن میں سے اسد قیصر نے 176 ووٹ حاصل کئے، ان کے مدِمقابل متحدہ اپوزیشن کے نامزد کردہ امیدوار سید خورشید شاہ نے 146 ووٹ لئے جبکہ 8 ووٹ مسترد ہوئے۔

ڈپٹی سپیکر منتخب ہونے کے بعد قاسم سوری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا اعتماد کرنے پر شکر گزار ہوں، اسعد محمود نے جمہوری انداز میں مقابلہ کیا، ان کا شکر ادا کرتا ہوں جبکہ ووٹ دینے والوں کا بھی شکر گزار ہوں۔

قاسم سوری نے کہا کہ میرا تعلق بلوچستان سے ہے جہاں الیکشن کے دن بے گناہ لوگ شہید ہوئے لیکن دہشت گردی کے باوجود بلوچستان کی عوام نے ووٹ کاسٹ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان نے گیس دی لیکن افسوس اسے صرف کالونی کی طرح ڈیل کیا گیا اور نفرتیں پھیلائی گئیں، ہم اپنے صوبے کو حقوق دلوائیں گے اور امن لائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم اپنے ناراض بھائیوں کو قومی دھارے میں لائیں گے، بلوچستان کی محرومیوں کو تحریکِ انصاف دور کرے گی۔

اس موقع پر متحدہ اپوزیشن کے امیدوار اسعد محمود الرحمان نے ڈپٹی سپیکر منتخب ہونے پر قاسم خان سوری کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ الیکشن کے نتائج پر تمام جماعتوں کا ردعمل قوم کے سامنے واضح ہے، تمام پارٹیوں نے انتخابات کو مسترد کیا ہے۔

Advertisement