عمران خان نے عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نامزد کر دیا

Last Updated On 17 August,2018 10:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نو منتخب وزیر اعظم پاکستان اور تحریک انساف کے سربراہ عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ نامزد کر دیا ہے۔ دنیا نیوز نےآج دوپہر ہی عثمان بزدار کی خبر دے دی تھی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے سردار عثمان بزدار کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔ عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ سردار عثمان جب وزیراعلیٰ بنیں گے تو انہیں پتہ ہو گا کہ اس ملک کے پسیماندہ علاقوں میں لوگوں پر کیا گزرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سردار عثمان وہ واحد ایم پی اے ہے جس کے گھر میں بجلی نہیں ہے، مجھے یقین ہے کہ ایماندار وزیراعلیٰ صوبے کے لیے زبردست کام کرے گا اور ہمارے وژن پر بھی پورا اترے گا۔ 

25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں وہ پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 286 ڈیرہ غازی خان 2 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر 27 ہزار 27 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان کی تحصیل ٹرائبل ایریا کے ناظم بھی رہ چکے ہیں۔

اس سے قبل آج صبح عثمان بزدار کو بنی گالہ طلب کیا گیا تھا جہاں پارٹی چیئرمین عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان اہم ملاقات ہوئی اور پنجاب کی وزارت اعلیٰ و سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔