آزادی کشمیر کیلئے پاکستانی موقف کی تائید کرتے ہیں، ایرانی وزیرِ خارجہ

Last Updated On 30 August,2018 10:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایرانی وزیرِ خارجہ جواد ظریف پاکستان پہنچ گئے ہیں، انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔

ایرانی وزیرِ خارجہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین برادرانہ تعلقات موجود ہیں۔ دونوں ممالک کو تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہو گا۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے مابین قریبی دوستانہ تعلقات امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہیں۔ پاکستان اُمت مسلمہ کے اتحاد پر یقین رکھتا ہے، پاکستان اور ایران کو مسلم دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔ مسلم دنیا کو متحد کرنے کے لیے ایران کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

اس موقع پر جواد ظریف نے اسد قیصر کو ایرانی سپیکر اور قیادت کی جانب سے مبارک باد دی اور کہا کہ ایران خطے میں امن کے لیے پاکستان کا شراکت دار ہے۔ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستانی کی تجویز سے اتفاق کرتے ہیں

انہوں نے تسلیم کیا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے ایران پاکستان کے موقف کی تائید کرتا ہے۔ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے تائید کرنے پر سپیکر نے ایرانی وزیرِ خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

جواد ظریف نے کہا کہ ایران کی قیادت اور حکومت پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش مند ہے۔ دونوں اقوام کے درمیان قدیم تاریخی تعلقات پائے جاتے ہیں۔ دونوں ہمسایہ ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسر ے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موثر طرزِ حکمرانی کے لیے دونوں ممالک کے مابین اداروں کی سطح پر تعاون کی ضرورت ہے۔