اسلام آباد: (دنیا نیوز) اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیرِاعظم نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کا دن، شہباز شریف، خواجہ آصف اور مریم اورنگزیب کی ملاقات مقررہ وقت کے بعد بھی جاری رہی۔ مجموعی طور پینتیس سے زائد لیگی رہنماؤں نے ملاقات کی۔
نواز شریف کو احتساب عدالت میں پیشی کے بعد ساڑھے بارہ بجے اڈیالہ جیل واپس منتقل کیا گیا۔ نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کرنے والوں میں شہباز شریف، حمزہ شہباز، عباس شریف کے اہل خانہ، مصدق ملک، امیر مقام، محمد زبیر، جاوید لطیف،شیخ روحیل اصغر اور دیگر شامل تھے۔
نواز شریف اور مریم نواز کے ملاقاتیوں کی فہرست میں 60 سے زائد نام شامل تھے لیکن پینتیس کے قریب ہی ملاقاتیں ہو سکیں۔ بیماری کے باعث کسی کو بھی کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔