گستاخانہ خاکوں پر سفیر بلا کر احتجاج سے مسئلہ حل نہیں ہو گا: عمران خان

Last Updated On 31 August,2018 09:08 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا معاملے میں وزیرِاعظم عمران خان کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کوئی ایک یا چند مسلمانوں کا مسئلہ نہیں بلکہ دنیا میں رہنے والے ہر مسلمان کا مسئلہ ہے، ایک مسلمان ملک کی جانب سے سفیر کو بلا کر احتجاج کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔

وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ ہم اپنی بات مغرب کو تب سمجھا سکیں گے جب سب مسلمان متحد ہوں، ہم نے ان کو سمجھایا نہیں کہ جس طرح وہ اپنے دین کی طرف دیکھتے ہیں ہم بھی اسی طرح دیکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نبی کریم ﷺ ہمارے دلوں میں رہتے ہیں، ان کی شان میں گستاخی ہو تو سب مسلمانوں کو تکلیف ہوتی ہے لیکن مغرب کے لوگوں کو ہمارے جذبات کا احساس اور سمجھ نہیں ہے کیونکہ ہم مسلمانوں نے انھیں سمجھایا ہی نہیں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مغرب میں اکثریت کو معاملہ کا علم نہیں، یہ فتنہ وہاں کے چند لوگ کرتے ہیں، ہم احتجاج کریں گے اور مغرب کو اپنا نکتہ نظر بھی سمجھائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی رکن ممالک سے رابطے شروع کر دیئے ہیں، وہ اس معاملے میں اقوام متحدہ میں ملاقاتیں کریں گے، اقوام متحدہ میں او آئی سی کے پلیٹ فارم سے بات کرنے سے معاملہ رکے گا۔

وزیرِاعظم نے اپیل کی کہ گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر ساری امت اوآئی سی کے پلیٹ فارم پر اکھٹی ہو، اس پلیٹ فارم پر اقوام متحدہ کو یک زبان ہو کر بتایا جائے کہ ہمارے نبی ﷺ کی شان میں گستاخی سے ہمیں کتنی تکلیف ہوتی ہے۔