ایمسٹرڈیم: ( روزنامہ دنیا) پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو بڑی کامیابی حاصل ہوگئی، مسلمانوں کے احتجاج پر ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کر دیا گیا، اس حوالے سے اسلام آباد میں تحریک لبیک نے اپنا دھرنا بھی ختم کر دیا۔
امریکی خبررساں ادارے اے پی کے مطابق ہالینڈ کی اسلام مخالف جماعت فریڈم پارٹی آف ڈچ کے رہنما گیرٹ ویلڈرزنے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے خلاف دنیا بھرمیں مسلمانوں کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا، پاکستان سمیت مختلف ممالک میں احتجاج کے باعث مقابلہ منسوخ کیا گیا۔ ڈچ رکن پارلیمنٹ نے تحریری بیان میں مقابلہ منسوخ کرنے کی تصدیق کر دی۔ مسلمانوں کے سخت ردعمل کو دیکھتے ہوئے ہالینڈ کے وزیر اعظم نے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے سے اپنی حکومت کو الگ کر لیا تھا۔ وزیر اعظم مارک روٹے نے ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا کہ گیرٹ ویلڈرز حکومت کے رکن نہیں اور نہ ہی یہ مقابلہ حکومت کا فیصلہ ہے۔
ادھر تحریک لبیک کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہالینڈ میں خاکوں سے متعلق مسلمانوں میں اضطراب پیدا ہوا، اس معاملے پر تحریک لبیک نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ گستاخانہ خاکوں سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے اور ان میں غم وغصہ پایا جاتا ہے، ہم نے کابینہ کی ہدایت پر اقدامات کیے اور گستاخانہ خاکوں کیخلاف قومی اسمبلی میں متفقہ قرار داد منظور کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈچ وزیر خارجہ سے پاکستانی حکومت اور عوام کے جذبات کا اظہار کیا اور ہالینڈ کی حکومت نے معاملے سے لاتعلقی کی وضاحت کی کہ حکومت کاخاکوں سے تعلق نہیں۔
گستاخانہ خاکوں پر سفیر بلا کر احتجاج سے مسئلہ حل نہیں ہو گا: عمران خان
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ڈچ وزیر خارجہ نے پیغام دیا کہ گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کر دیا گیا ہے، مقابلہ منسوخ ہونا اخلاقی فتح ہے۔ ہالینڈ کے سفیر کا پیغام آگیا کہ ڈچ کے لوگوں کی جانوں کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتے اس لئے انہوں نے یہ مقابلہ ترک کر دیا ہے، یہ معاملہ اب بھی عالمی فورمز پر اٹھائیں گے اور احتجاج بھی ضرور ہوگا، ہم نے او آئی سی کے جنرل سیکرٹری سے تنظیم کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کامطالبہ کیا ہے، ترک وزیرخارجہ کو بھی اس حوالے سے خط لکھا ہے، انہوں نے پاکستانی موقف کی تائید کی ہے۔ میں اس معاملے کو اقوام متحدہ میں بھی اٹھانے کی کوشش کروں گا، انکا کہنا تھا ایسے واقعات انتہا پسندی کو فروغ دیتے ہیں، ایسے معاملات سے نمٹنے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنائیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا تحریک لبیک سے درخواست ہے کہ مقصد پورا ہوگیا منتشر ہو جائیں۔ اس موقع پر تحریک لبیک کے رہنما پیر افضل قادری کا کہنا تھا کہ دھرنا ختم کرتے ہیں، مطالبہ تھا کہ خاکوں کا مقابلہ روکا جائے۔