اسلام آباد: (دنیا نیوز) برطانیہ نے پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے تکنیکی معاونت کی پیشکش کی ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کہتے ہیں کہ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر پاکستان نے گزشتہ پانچ ماہ میں بہترین اقدامات اٹھائے، پاکستان سے متعلق عالمی میڈیا کی کوریج درست نہیں ہے۔
بریگزٹ کے بعد پاک برطانیہ تعلقات کے مستقبل کے موضوع پر تقریب کا انعقاد اسلام آباد میں ہوا۔ پاکستان میں متعین برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے برطانیہ نے تکنیکی معاونت کی پیشکش کی ہے۔
تھامس ڈریو کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر پاکستان نے گزشتہ پانچ ماہ میں بہترین اقدامات اٹھائے، پاکستان سے متعلق عالمی میڈیا کی کوریج درست نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے بیٹوں کی وطن واپسی کے معاملے پر بات نہیں کریں گے، برطانیہ پاکستانی حکومت کی طرف سے دی گئی درخواست کو میرٹ پر دیکھے گا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا حل پاکستان، بھارت اور دنیا کے مفاد میں ہے۔ پاکستان کی سلامتی و استحکام میں برطانیہ کی دلچسپی جاری رہے گی۔ انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے معاشرتی واقتصادی میدان میں بہترین کردار کی بھی تعریف کی۔