اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے اپنی خواہش اور خطے میں امن سے متعلق اپنے خیالات سے آگاہ کیا۔
وزیرِاعظم عمران خان نے مائیک پومپیو کے ساتھ ملاقات میں تمام پڑوسیوں کے ساتھ امن کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اعتماد اور احترام کیساتھ تعلقات مضبوط بنانا چاہتا ہے، دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کیا جائے۔
وزیرِاعظم نے مائیک پومپیو کو بتایا کہ انسانی ترقی اور غربت کا خاتمہ ہماری حکومت کی ایجنڈا ہے۔ امریکی وزیرِ خارجہ نے عمران خان کو حکومت کے قیام پر مبارک باد دی اور پاکستان کی ترقی کیلئے ان کے اقتصادی اور سماجی ترقی کے ایجنڈے کو سراہا۔
مائیک پومپیو نے افغانستان سمیت خطے میں امن کیلئے پاکستان کیساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے ہم نے آج جو بنیاد رکھی وہ کامیابیوں اور آگے بڑھنے کا باعث بنے گی، عملی اقدامات سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مضبوط ہونگے۔
امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ ملاقات میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، آئی ایس آئی کے سربراہ اور وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی بھی شریک تھے۔