اسلام آباد: (دنیا نیوز) رجسٹرار احتساب عدالت نے نیب ریفرنس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان کو نوٹسز جاری کر دئیے، تمام ملزمان کو ہدایت کی گئی ہے کہ 26 ستمبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر دو میں جج ارشد ملک کے روبرو پیش ہوں۔
رجسٹرار احتساب عدالت نے جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد یوسف رضا گیلانی سمیت تمام 7 ملزمان کو احتساب عدالت نمبر 2 میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ جج ارشد ملک ریفرنس کی سماعت کریں گے۔ ملزمان پر اشتہاراتی کمپنی کو 12 کروڑ روپے کا غیرقانونی ٹھیکہ دینے کا الزام ہے، یوسف رضا گیلانی سمیت تمام ملزمان کی پیشی پر باقاعدہ ٹرائل کا آغاز ہوگا۔
نیب کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے بطور وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسل سروس فنڈز کا غیر قانونی استعمال کر کے اشتہاری کمپنی کو ٹھیکہ دیا۔