پاک چین دوستی کا نیا سفر، اسٹریٹجک تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم

Last Updated On 09 September,2018 02:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چینی ہم منصب کے ہمراہ نیوز کانفرنس، چین اور پاکستان کا اسٹریٹیجک تعلقات مزید مضبوط بنانے کا اعلان، پاکستان اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔ چینی وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ چین کی دعوت دی۔

پاکستان اور چین کی دوستی کا نیا سفر شروع ہوگیا، دونوں ملکوں نے اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری مزید مستحکم کرنے کا اعلان کردیا۔ چین نے غربت اور بیروزگاری ختم کرنے کیلئے پاکستان کو مدد کی یقین دہانی کرا دی۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی دفتر خارجہ پہنچے جہاں پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔ پاک چین وزرائے خارجہ کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات کے دوران سی پیک، معاشی تعاون، ثقافتی، تعلیمی تبادلوں اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اتفاق رائے سے طے پایا کہ اسٹرٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

مذاکرات کے بعد پاک چین وزرائے خارجہ نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین کیساتھ برآمدات کیلئے سبسڈیز پر بات ہوئی، سی پیک پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی کا ضامن ہے۔ چینی شہریوں کا تحفظ اور سلامتی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہونے دے گا، عالمی برادری قربانیوں کو تسلیم کرے۔

چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، غربت کے خاتمے اور ترقی کیلئے بھرپور تعاون کریں گے۔ ترقیاتی منصوبے مکمل کریں گے اور تمام مسائل مل کر حل کریں گے۔ وانگ ژی نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ چین کی دعوت بھی دی۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے دونوں ملک مل کر کام کریں گے۔ دنیا سے دہشتگردی کا خاتمہ بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ سی پیک سے روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔

Advertisement