آرمی چیف نے 13 دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی

Last Updated On 10 September,2018 10:06 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 13 دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق موت کی سزا پانے والے یہ دہشتگرد 202 افراد کے قتل میں ملوث ہیں، دہشتگردوں کی کارروائیوں میں 151 شہری شہید جبکہ 249 افراد زخمی بھی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سزائے موت پانے والوں میں منیر، محمد بشیر، حافظ عبداللہ شام، محمد آصف، گل شاہ، جلال حسین، علی شیر، بخت اللہ خان، شیر خان، داؤد شاہ، محمد منیر اور حبیب اللہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 7 دہشتگردوں کو مختلف سزائیں دینے کی بھی توثیق کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد منیر رحمان نے خود کش حملہ آور مسلم خان کی معاونت کی جس نے اورکزئی ایجنسی میں قومی لشکر جرگے پر حملہ کر کے 114 شہریوں کو شہید کیا۔ منیر رحمان مسلح افواج پر حملہ کرنے میں بھی ملوث تھا جس سے 6 جوان شہید جبکہ 9 زخمی ہوئے۔

کالعدم تنظیم کے دہشتگرد محمد بشیر نے رکن قومی اسمبلی رشید اکبر نوانی کے گھر پر بھی حملہ کیا جس میں 21 شہری شہید اور 59 زخمی ہوئے۔ دہشتگرد محمد بشیر ڈیرہ اسماعیل خان میں سینیٹر مولانا عطا الرحمان کے گھر پر حملے میں بھی ملوث تھا۔ تمام دہشتگردوں نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا۔