آرمی چیف سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات، باہمی تعاون پر بات چیت

Last Updated On 09 September,2018 12:35 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات، علاقائی سیکیورٹی، باہمی تعاون پر بات چیت ہوئی، قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بین الاقوامی محاذ آرائی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا، امن و استحکام کے ذریعے اپنا مقام حاصل کریں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کی بنیاد باہمی احترام پر مبنی ہے۔ خطے کے امن کے لیے پاکستان کی قربانیاں قابل قدر ہیں۔ چینی وزیر خارجہ نے سی پیک کے لیے پاک فوج کی جانب سے فراہم سیکیورٹی کی بھی تعریف کی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی وزیر خارجہ کے دورے اور چین کی مسلسل حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی محاذ آرائی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ امن اور استحکام کے حصول سے پاکستان کو اقوام عالم میں جائز مقام دلائیں۔

آرمی چیف سے سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح نے بھی ملاقات کی۔ سعودی وزیر اطلاعات نے دونوں ملکوں کے مابین مضبوط برادرانہ تعلقات کو سراہا اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کو مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

Advertisement