لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کا وعدہ، ٹاسک فورس نے کام شروع کردیا

Last Updated On 08 September,2018 10:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کی لوٹی ہوئی دولت بیرون ملک سے واپس لانے کے لیے قائم ٹاسک فورس نے کام کا آغاز کر دیا، پہلے مرحلے میں سوئٹزرلینڈ، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کو ہدف بنایا گیا ہے۔ غیرقانونی رقم کی اطلاع دینے والے عام افراد کو رقم کا 20 فیصد دیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کا قوم سے لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کا وعدہ، بیرسٹر شہزاد اکبر کی سربراہی میں قائم ٹاسک فورس قائم نے کام شروع کر دیا۔ برطانیہ، سوئٹزرلینڈ اور متحدہ عرب امارات کی حکومتوں سے رابطے تیز کر دیے گئے۔ ٹاسک فورس بیرون ملک منتقل کی گئی دولت کی واپسی کے لیے ان ممالک کے ساتھ حکومت پاکستان کے معاہدوں کا جائزہ لے گی۔ قانونی معاملات کو حتمی شکل دینے کے بعد ملوث افراد کی فہرست متعلقہ حکومتوں کے سامنے رکھی جائے گی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی اور ٹاسک فورس کے سربراہ کے مطابق غیرقانونی دولت کی نشاندہی اور معلومات فراہم کرنے والے عام افراد بھی کروڑ پتی بن سکتے ہیں۔ حکومت نے ابتدائی طور پر ایک سو کرپٹ ترین افراد پر ہاتھ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جن میں سیاستدان، بیوروکریٹس اور کاروباری شخصیات شامل ہیں۔

Advertisement