نواز شریف نے رہائی کی درخواست پر دستخط سے انکار کیا: شہباز شریف

Last Updated On 13 September,2018 03:47 pm

لندن: (دنیا نیوز) شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے پیرول کے کاغذات پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا، پھر میں نے دستخط کئے، مرحومہ کلثوم نواز کی نمازجنازہ کے بعد میت لے کر پاکستان روانہ ہوں گے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا اللہ نواز شریف اور ان کے بچوں کو صبر جمیل دے، اہلیہ کی وفات پر نواز شریف بہت دکھی ہیں، وہ اس صدمے سے انتہائی دکھ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم سے درخواست ہے کلثوم نواز کی مغفرت کیلئے دعا کرے۔

صدر مسلم لیگ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے 109 سے زائد پیشیاں بھگتیں، ثبوت کوئی نہیں ملا، نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کلثوم نواز نے حالات کا بڑی دلیری سے مقابلہ کیا، جب ہم جیل میں تھے انہوں نے پختہ ارادے سے پارٹی کیلئے کام کیا۔

سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد کلثوم نواز کی میت کو ہیتھرو ائیرپورٹ لے جایا جائے گا، جہاں رات دس بجے پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے پاکستان روانہ کیا جائے گا، میت جمعہ کی صبح چھ بجے لاہور ایئرپورٹ پہنچے گی، شہباز شریف میت کے ساتھ لاہور آئیں گے۔