کلثوم نواز کا سفرِ آخرت، میت پاکستان روانہ کر دی گئی

Last Updated On 13 September,2018 11:48 pm

لندن/ لاہور: (دنیا نیوز) بیگم کلثوم نواز کی میت کو پاکستان لانے والی پرواز نے اڑان بھر لی ہے، شہباز شریف میت کو لے کر کل صبح لاہور پہنچیں گے۔

مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم کی میت کی وطن منتقلی پرواز کی تاخیر کی وجہ سے رکی رہی کیونکہ لاہور سے لندن جانے والی پرواز ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی اور پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بج کر ستائیس منٹ پر لندن پہنچی۔

شہباز شریف اور خاندان کے دیگر افراد بیگم کلثوم نواز کا جسدِ خاکی لے کر پاکستان کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ تاہم حسن نواز، حسین نواز اور اسحاق ڈار نے لندن میں ٹھہرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی ایئر لائن کی پرواز آج صبح لاہور ائیرپورٹ پر پہنچے گئی۔

ادھر بیگم کلثوم نواز کی میت ایئرپورٹ سے جاتی امرا منتقل کرنے کے لئے انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ کلثوم نواز کی میت جہاز سے ایمبولینس میں منتقل کی جائے گی۔

میت کے ساتھ آنے والے 13 عزیزوں کو حج ٹرمینل پر پہنچایا جائے گا جس کے بعد فیملی کے پانچ افراد جن میں میت لینے کیلئے ایپرن تک جائیں گے، سات گاڑیاں اور ایک ایمبولینس ایئرپورٹ کے اندر جائیں گی۔

مسافروں کی امیگریشن اور کسٹم حج ٹرمینل پر ہو گا۔ اس موقع پر پنجاب حکومت کے تین افسران شریف فیملی کو سہولت فراہم کرنے کے لئے موجود ہوں گے۔

اس سے قبل بیگم کلثوم نواز کی نمازِ جنازہ لندن کے ریجنٹ اسلامک سینٹر میں ادا کی گئی جس میں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف، حسین نواز، حسن نواز، اسحاق ڈار، چودھری نثار، لیگی کارکن اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ایک اندازے کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی نمازِ جنازہ میں 8 ہزار کے لگ بھگ افراد شریک ہوئے۔

دوسری جانب دنیا نیوز ذرائع کے مطابق نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کے پیرول رہائی میں 5 روز کی توسیع کر دی گئی ہے، انھیں 12 ستمبر سے 17 ستمبر شام 4 بجے تک پیرول پر رہائی مل گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔