'انسانی حقوق کی پامالیوں پر تشویش، مسئلہ کشمیر کا بہترین حل چاہتے ہیں'

Last Updated On 14 September,2018 02:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے مسئلہ کشمیر کا بہترین حل چاہتے ہیں، کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ہورہی ہے، اقوام متحدہ بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پربول پڑا، ترکی نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

پاکستان اور ترکی کے وزرائے خارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا ترکی ہر دکھ درد میں پاکستان کا دوست رہا ہے، پاک ترک عوام کے دل ایک دوسرے سے جڑے ہیں، پاکستان اور ترکی کے تعلقات حکومتوں تک محدود نہیں۔ انہوں نے کہا ہماری محبت کے پیچھے ثقافت، مذہب، عوام کی محبت ہے، دونوں ممالک نے دفاعی تعاون، باہمی تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا، مذاکرات میں مختلف معاملات پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ترکی نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر ترکی نے ہمارا ساتھ دیا، نوجوان سفارتکاروں کے تربیتی پروگرام پر بھی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر بھی ترکی نے ہمارا ساتھ دیا، مختلف فورمز پر ساتھ دینے کے لیے ترکی کے شکرگزار ہیں۔

ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا نئی حکومت کے قیام پر مبارکباد دیتا ہوں، وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں مبارکباد پیش کروں گا، حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، عوام کا رشتہ قائم رہتا ہے، پاک ترک دوستی لازوال ہے ہمیشہ قائم رہے گی۔

قبل ازیں ترک وزیرخارجہ پاکستانی دفتر خارجہ پہنچے جہاں انہوں نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، دونوں ممالک میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے شاہ محمود قریشی جبکہ ترکی کی جانب سے ترک وزیر خارجہ نے اپنے اپنے وفد کی قیادت کی۔ دونوں ممالک میں باہمی تعلقات، تجارتی اور اقتصادی تعاون پر بات چیت کی گئی۔