سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن، مقررہ تاریخ میں توسیع

Last Updated On 14 September,2018 04:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے انٹرنیٹ ووٹنگ کیلئے سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کیلئے مقررہ تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔

انٹرنیٹ ووٹنگ میں سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے رجسٹریشن کیلئے آخری تاریخ 15 ستمبر مقرر کی تھی جو بڑھا کر اب 17 ستمبر کر دی گئی ہے۔

سمندر پار پاکستانی 17 ستمبر کی صبح 9 بجے تک رجسٹریشن کرا سکیں گے۔ رجسٹرڈ ووٹرز کو ضمنی انتخاب میں ووٹ کی سہولت دی جائے گی۔ ملک کے 37 حلقوں میں 14 اکتوبر کو ضمنی الیکشن ہوں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کی تشہیر کیلئے تمام ذرائع استعمال کر رہا ہے، اس حوالے سے سیکرٹری خارجہ کو پہلے ہی خط لکھا جا چکا ہے کہ بیرونِ ملک پاکستانی سفارتخانوں کو ہدایت کی جائے کہ تمام ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کو مطلع کیا جائے تا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں جن میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔