کراچی: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کے نئے اعدادوشمار کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 60 لاکھ 239 ہوگئی۔
ملک میں ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 60 لاکھ 239 ہوگئی ہے جو عام انتخابات 2018 میں 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 407 تھی۔ عام انتخاب کے لیے ووٹر فہرست منجمد ہونے کے دوران 44 ہزار 832 ووٹوں کا اضافہ ہوا ہے۔
الیکشن کمیشن نے جمعہ کو ووٹرز کے حوالے سے 31 اگست 2018 کے اعدادوشمار جاری کر دیے ہیں جس کے مطابق ملک میں کل ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 60 لاکھ 239 ہے، جن میں 5 کروڑ 92 لاکھ 43 ہزار 889 مرد اور 4 کروڑ 67 لاکھ 56 ہزار 350 خواتین شامل ہیں۔
عام انتخابات 2018 میں ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار407 تھی، جن میں مرد ووٹرز 5 کروڑ 92 لاکھ 24 ہزار 262 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 4 کروڑ 67 لاکھ 31 ہزار 145 تھی۔