شاہ محمود قریشی کی افغانستان میں تعینات امریکی سفیر کے دعوے کی تردید

Last Updated On 17 September,2018 12:07 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس خبر کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے زمینی راستے کے ذریعے افغانستان اور بھارت کے درمیان تجارت بحال کرنے پر مذاکرات کے آغاز پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

وزیر خارجہ کی جانب سے تردید افغانستان میں امریکی سفیر کے دعوے کے بعد برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو کے پروگرام سیربین سے بات کرتے ہوئے کی گئی جبکہ اس سے قبل افغانستان کے لیے امریکی سفیرجوہن باس نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کا جلد افغانستان سے رابطہ کرنا اس خواہش کا اظہار ہے کہ وہ زمینی راستے کے ذریعے افغانستان اور بھارت کے درمیان دوبارہ تجارت بحال کرنے کا خواہاں ہے۔

افغانستان کے لیے امریکی سفیر جوہن باس نے ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی اور وسطی ایشیا کے درمیان زمینی راستہ دوبارہ کھلنے سے خطے کے تمام ممالک کو فائدہ پہنچے گا۔ جوہن باس کا کہنا تھا کہ کچھ ماہ قبل پہلی مرتبہ پاکستانی حکومت نے اپنے زمینی راستے کے ذریعے بھارت اور افغانستان کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے لیے اپنے افغان ہم منصبوں کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ افغانستان میں سیاسی استحکام پاکستان کے طویل ترین مفاد میں ہے اور دونوں سمتوں میں بڑھتی ہوئی تجارت سے وسطی اور جنوبی ایشیا میں تعلقات بہتر ہوں گے۔