سی پیک ضرور کامیاب ہوگا، آرمی چیف کی چینی صدر کو یقین دہانی

Last Updated On 20 September,2018 12:17 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی صدر سے ملاقات میں انھیں یقین دہانی کرائی ہے کہ سی پیک تمام مشکلات کے باجود کامیاب ہو گا۔ اس موقع پر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر آزمائش پر پورا اترنے والا آزمودہ دوست ہے۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی صدر شی جنگ پنگ کی خصوصی دعوت پر ان سے ملاقات کی جس میں خطے کو درپیش چیلنجز، سیکیورٹی صورتحال اور ان کے حل پر بھی بات کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان ہر آزمائش پر پورا اترنے والا دوست ہے اور دونوں ممالک کے دیرپا تعلقات میں پاک فوج کا بڑا اہم کردار ہے۔ چینی صدر نے پاک فوج کے پروفیشنل ازم کی تعریف کی اور خطے میں امن و استحکام کیلئے اس کے کردار کو سراہا۔

صدر شی جنگ پنگ نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاک فوج کی کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ چین پاکستان کی بطور سٹریٹجک پارٹنر کے حمایت جاری رکھے گا۔

چینی صدر کا کہنا تھا کہ ون بیلٹ ون روڈ اور پاک چین اقتصادی راہداری کے مخالفین کامیاب نہیں ہوں گے، سی پیک امن اور ترقی کا ایسا قدم ہے جس سے چین سمیت پورے خطے پر اثرات ہونگے۔

 

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خصوصی دعوت اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی کوششوں کو تسلیم کرنے پر چینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کی اہمیت کو سمجھتا ہے، امن کے حصول کے لیے پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں، ون بیلٹ ون روڈ اور سی پیک منصوبہ تمام مشکلات کے باجود کامیاب ہو گا۔