اڈیالہ جیل میں' فوٹوسیشن'، تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کر دیا

Last Updated On 21 September,2018 05:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اڈیالہ جیل میں فوٹوسیشن پر حکومت پنجاب کی تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کردیا،72 گھنٹے میں رپورٹ آنے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ ہوگا۔

پنجاب حکومت نے اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم نوازشریف کے ساتھ حنیف عباسی کی موجودگی کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ وزیر جیل خانہ جات پنجاب کے مطابق کمیٹی میں ڈی آئی جی جیل فیروز شوکت اور اے آئی جی ملک صفدر نواز شامل ہیں۔

وزیر جیل خانہ جات کا کہنا ہے کہ کمیٹی آج راولپنڈی پہنچ کر اپنا کام شروع کرے گی اور 72 گھنٹوں میں رپورٹ جمع کرائے گی۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی کی رپورٹ پر قانون کے مطابق ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہوگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی احتساب عدالت کی سزا معطل کی تھی جس کے بعد رہائی کے موقع پر (ن) لیگی قائد کی اڈیالہ جیل سے تصویر سامنے آئی تھی جس میں ایفی ڈرین کیس میں سزا پانے حنیف عباسی بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی ایفیڈرین کیس میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں جنہیں عام انتخابات سے چند روز قبل ہی سزا سنائی گئی تھی۔