پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع

Last Updated On 23 September,2018 01:22 pm

لاہور (دنیا نیوز ) سردی کی آہٹ سنائی دینے لگی، نارووال، لاہور، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات بھر بادل خوب برسے، نالہ ڈیک میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آئندہ دو روز تک صوبے میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

بھارت سے داخل ہونے کا بارش کا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگیا، پنجاب کے بیشتر علاقوں میں تیز بارش ہوئی، نارووال میں آٹھ گھنٹے بادل برسنے کا سلسلہ جاری رہا جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، ظفر وال میں مسلسل بارش سے گلی محلوں میں 3 سے 4 فٹ پانی کھڑا ہوگیا، نالوں میں بھی پانی کی سطح بلند ہوگئی جس سے سیلاب کا خطرہ منڈلانے لگا۔

محکمہ پنجاب ایریگیشن نے نالہ ڈیک میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی۔ الرٹ جاری ہونے کے بعد لوگوں نے محفوظ مقام پر منتقل ہونا شروع کر دیا، لاہور میں بھی رم جھم کے بعد درجہ حرارت گر گیا۔

باغوں کے شہر میں سیاہ بادل چھائے ہیں، ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں ہیں، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی ابرکرم برسا جس سے اور خنکی میں اضافہ ہوگیا۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے اگلے دو روزبھی صوبے میں بادل برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
 

Advertisement