'سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر پر ذمہ دار رویہ اپنانے کا کہہ دیا'

Last Updated On 30 September,2018 01:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ اجلاس سے خطاب کے بعد پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کیلئے نیا نہیں، یہ انسانیت کی بقا کا معاملہ ہے۔ مسئلہ کشمیر پر انسانی حقوق کی رپورٹ نے پاکستانی موقف کی تائید کی، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو بھارت کے حوالے سے ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کا کہا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے بعد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کامقدمہ پیش کیا، اس بار مسئلہ کشمیر کی نوعیت کچھ مختلف تھی، دنیا نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو غور سے سنا، مسئلہ کشمیر بھرپور طریقے سے اٹھانا میرے ایمان کا حصہ ہے۔ اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل عنقریب بھارت کا دورہ کر رہے ہیں، انھیں بھارت کے حوالے سے ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کا کہہ دیا۔ بھارت کارویہ سارک فورم کیلئے نقصان دہ ہے، امید ہے بھارت کوئی حماقت نہیں کرےگا۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاک روس تعلقات میں بتدریج بہتری آرہی ہے، 2 اکتوبر کو مائیک پومپیوسے ملاقات ہو گی، اپنے مفادات کا تحفظ خود کرنا ہے، امریکا کی طرف نہیں دیکھنا، مائیک پومپیو سےدوطرفہ تعلقات سمیت اہم امور زیرغور آئیں گے۔