سینیٹ ضمنی الیکشن، تحریکِ انصاف نے میدان مار لیا

Last Updated On 03 October,2018 05:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریکِ اںصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار ڈاکٹر شہزاد وسیم کامیاب ہو گئے ہیں۔

پاکستان تحریکِ انصاف نے سینٹ کے ضمنی انتخاب کا معرکہ سر کر لیا ہے، پی ٹٰی آئی امیدوار ڈاکٹر شہزاد وسیم نے ضمنی الیکشن میں 181 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

ان کے مدمقابل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار خواجہ احمد حسان شکست سے دوچار ہوئے، انہوں نے 169 ووٹ حاصل کیے۔

خیال رہے کہ یہ نشست چودھری محمد سرور کی جانب سے گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالنے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ ڈاکٹر شہزاد وسیم نے سینیٹ ضمنی الیکشن کیلئے پارٹی ٹکٹ الیکشن کمیشن لاہور کے دفتر میں جمع کرایا تھا۔

لیگ کو توقع سے زیادہ 3 ووٹ ملے جبکہ تحریک انصاف کو 4 ووٹ کم پڑے، ایک ووٹ مسترد ہو گیا۔ پنجاب اسمبلی میں پولنگ کا وقت ختم ہونے پر تحریک انصاف کے ایک رکن شیر اکبر خان کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دینے پر مسلم لیگ ن نے احتجاج کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پولنگ ختم ہونے کے اعلان کے بعد ووٹ کی اجازت دینا کھلی دھاندلی ہے، مسلم لیگ ن کے اراکین نے الیکشن کمیشن کے خلاف نعرہ بازی بھی کی۔

احتجاج کے باعث گنتی کا عمل 30 منٹ سے زائد تاخیر کا شکار رہا، ن لیگی ارکان اور الیکشن کمیشن میں نوک جھوک ہوتی رہی، الیکشن جیتنے پر تحریک انصاف کی خواتین ایک دوسرے کو مٹھائی کھلاتی رہیں۔