سعد رفیق اور سلمان رفیق کی حفاظتی ضمانت کی درخواست مسترد

Last Updated On 11 October,2018 10:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی حفاظتی ضمانت کی درخواست مسترد کردی، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق فیصلہ سننے سے قبل ہی عدالت سے چلے گئے تھے۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے سائیکل پر جانا ہے جو اتنے دن مانگ رہے ہیں۔

 یاد رہے سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے حفاظتی ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت نیب کو ان کے خلاف جاری تمام انکوائریز سے متعلق مطلع کرنے کا حکم دے اور احکامات جاری کرے کہ انہیں دو ہفتے تک گرفتار نہ کیا جائے۔

 درخواست میں کہا گیا بدقسمتی سے پاکستان کی تاریخ سیاسی انتقام سے بھری پڑی ہے، عام انتخابات 2018ء سے پہلے درخواست گزار کو کال اپ نوٹس بھیجا گیا، درخواست گزار نے مطلوبہ معلومات اور دستاویزات تحریری جواب کے ساتھ جمع کروائے۔

سعد رفیق نے درخواست میں موقف اپنایا کہ درخواست گزار ذاتی طور پر تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش بھی ہوا اور معاونت بھی کی، اس کے علاوہ درخواست گزار کبھی پیراگون سٹی کا ڈائریکٹر یا شئیر ہولڈر رہا نہ ہی اس کے معاملات سے کوئی تعلق رہا۔