ورکنگ ویمن اپنا کام اور گھرداری پوری ایمانداری سے نبھاتی ہیں

Last Updated On 12 October,2018 04:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ورکنگ ویمن نہ صرف اپنی جاب بلکہ بچوں کی ضروریات اور تعلیم و تربیت سمیت گھرداری میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑتیں۔ صبح سویرے آفس جانے سے پہلے بچوں کو سکول کے لئے تیار کرنے کا مرحلہ مشکل لیکن کافی دلچسپ ہوتا ہے۔

صبح سویرے ہر گھر میں یہی پکار ہوتی ہے، اٹھو، جلدی ناشتہ کرو اور سکول کیلئے تیار ہو جاؤ۔ اسلام آباد میں ایک ورکنگ ویمن صائمہ کے گھر میں بھی روزانہ یہی منظر ہوتا ہے۔ زینب اور عبداللہ کو بستر سے اٹھانا، منہ ہاتھ دھلانا، سکول یونیفارم پہنانا اور ناشتہ کرانا۔ ہر مرحلہ ایک سے بڑھ کرمشکل۔

صائمہ پھُرتی سے ہر کام کرتی ہیں، کبھی بیٹے تو کبھی بیٹی کی بات سنتی اور ڈیمانڈ پوری کرتی ہیں۔ بچوں کو بھیج کر خود تیار ہوکر سکول کیلئے نکلتی ہیں جہاں بچوں کو علم کی روشنی سے منور کرتی، گھر کی ذمہ داری بھی بخوبی نبھاتی ہیں۔ کہتی ہیں ملٹی ٹاسکنگ عورت کی خوبی ہے ۔

ورکنگ ویمن کا گھر کے اندر اور باہر، اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونا، فرائض کی ادائیگی اور قربانی کی بہترین مثال ہے۔ ایسی خواتین جہاں گھر کی گاڑی چلانے میں شوہر کا ہاتھ بٹاتی ہیں وہیں بچوں کی تعلیم وتربیت کے حوالے سے بھی کبھی غافل نہیں ہوتیں۔