مجرم عمران کو سرعام پھانسی دی جائے، زینب کے والد کی درخواست دائر

Last Updated On 13 October,2018 12:05 pm

لاہور: (دنیا نیو) زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ زینب کے والد کا کہنا ہے کہ آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ مجرم کو سرعام تختہ دار پر لٹکایا جائے۔

کمسن زینب کے والد نے ایڈووکیٹ اشتیاق چوہدری کے توسط سے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں ہوم سیکرٹری، آئی جی پنجاب پولیس اور مجرم عمران کو فریق بنایا گیا ہے۔

دراخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ مجرم عمران کی تمام اپیلیں مسترد ہوچکی ہیں، مجرم کے ڈیتھ وارنٹ جاری ہو چکے ہیں۔ درخواستگزار نے کہا کہ سپریم کورٹ سے بھی مجرم عمران کی اپیل خارج ہو چکی ہے۔

درخواست میں قانونی نقطہ اٹھایا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے سیکشن 22 کے مجرم کو سر عام پھانسی دی جا سکتی ہے، ننھی زینب کے والد نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت مجرم عمران کو سرعام پھانسی کی سزا دینے کا حکم جاری کرے۔

یاد رہے زینب قتل کیس کے مجرم کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیئے گئے، 17 اکتوبر کو پھانسی دی جائے گی، عمران کو مجموعی طور پر 21 بار سزائے موت سنائی گئی تھی۔ مجرم کو 25 لاکھ جرمانہ جبکہ 20 لاکھ 55 ہزار دیت ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔

رواں برس جنوری میں ننھی زینب کے بہیمانہ قتل نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا، زینب کو اجتماعی زیادتی، درندگی اور شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، زینب کے قتل میں ملوث ملزم عمران ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد گرفتار ہوا۔