احتساب عدالت میں پیشی سے قبل نیب کی شہباز شریف سے تحقیقات

Last Updated On 15 October,2018 07:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت میں پیشی سے قبل نیب لاہور کی شہباز شریف سے تحقیقات، کاسا ڈویلپرز اور پیراگون سے متعلق سوالات کیے، شہباز شریف نے متعدد سوالوں پر لاعلمی کا اظہار کیا۔

آشیانہ اقبال سکینڈل میں گرفتار سابق وزیرِاعلیٰ شہباز شریف سے احتساب عدالت پیشی سے قبل نیب ٹیم نے تحقیقات کی۔ ذرائع کے مطابق نیب ٹیم نے شہباز شریف سے متعدد سوالات کیے لیکن انہوں نے اکثر سے لاعلمی کا اظہار کیا گیا۔

نیب نے سابق وزیرِاعلیٰ سے پوچھا کہ کیا آپ کو معلوم تھا کہ پیراگون کا تعلق خواجہ سعد رفیق سے ہے؟ کیا سعد رفیق نے آپ سے کبھی کاسا ڈویلپرز کے حق میں معاونت کی فرمائش کی؟

شہباز شریف نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق سے کبھی آشیانہ اقبال سے متعلق غیر قانونی قدم اٹھانے کی بات نہیں ہوئی، نہ ہی پی ایل ڈی سی یا ایل ڈی اے کے کسی افسر سے رشوت لینے کا معلوم ہے بلکہ انہوں نے آشیانہ اقبال کیس میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

نیب کی ٹیم شہباز شریف سے تحقیقات کی رپورٹ 16 اکتوبر کو احتساب عدالت میں پیش کرے گی۔