وفاقی کابینہ: کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی قائم

Last Updated On 18 October,2018 04:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے اعلی اختیاراتی کمیٹی بنا دی ہے جبکہ وزیراعظم نے تمام وزرا کو چالیس روزہ پلان تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزیرِاعظم عمران خان کے زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم کی مشیر ڈاکٹر عشرت حسین نے کابینہ کو حکومت کے 100 روزہ پلان پر بریفنگ دی، انہوں نے کفایت شعاری اور اصلاحات سے متعلق کابینہ کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے تمام وزرا کو آئندہ 40 روزہ پلان تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

وفاقی کابینہ نے ممنوعہ بورکے اسلحہ لائسنس منسوخ کا نوٹیفیکشن واپس لینے پر کمیٹی قائم کر دی۔ وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ کمیٹی ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس بحالی کے معاملے کا جائزہ لے گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گنے کا کرشنگ سیزن 15 نومبر سے شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے کراچی کے مسائل کے حل کیلئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔