فوری طور پر بڑے آبی ذخائر کی تعمیر ناگزیر ہے، صدرِ مملکت

Last Updated On 19 October,2018 09:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پانی بحران پر اسلام آباد میں 2 روزہ بین الاقوامی سمپوزیم کا انعقاد ہوا جس میں پانی کی اہمیت اور ملک کو درپیش آبی مسائل پر صدر مملکت اور چیف جسٹس نے خطاب کیا۔

صدر مملکت عارف علوی نے بڑے آبی ذخائر کی فوری تعمیر کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کی ضرورت زراعت اور انڈسٹری کے لئے بھی لازمی ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھی مسئلے پر توجہ مبذول کرائی گئی۔ انھوں نے پانی کے مسلے پر ہماری توجہ دلانے پر چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا۔

سمپوزیم کے افتتاحی سیشن سے خطاب میں چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ مستقبل میں پاکستان آبی قلت کا شکار ملکوں میں ہو سکتا ہے، پاکستان کے آبی ذخائر خطرناک حد تک کم ہو چکے ہیں، دنیا میں درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان کو قلت آب سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے، دیامربھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیرکیلئے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

دو روزہ بین الاقوامی سمپوزیم میں چیف جسٹس کی دعوت پر دنیا میڈیا گروپ کے چیئرمین میاں عامر محمود نے بھی شرکت کی۔ صدر مملکت عارف علوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔