جہلم: (روزنامہ دنیا)حلقہ پی پی 27جہلم میں دوبارہ گنتی میں مسلم لیگ ن کی فتح برقرار رہی اورناصر محمود 438ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوگئے ۔
وفاقی وزیراطلاعات چودھری فوادکی خالی کی گئی نشست پر 14اکتوبر کے ضمنی الیکشن میں(ن)لیگ کے ناصر محمود 656ووٹ کی برتری سے کامیاب رہے ، پی ٹی آئی کے امیدوار راجہ شاہنواز کی درخواست پردوبارہ گنتی کا عمل چار دن میں مکمل ہو ا۔ ناصر محمود نے 61139ووٹ جبکہ ان کے مد مقابل پی ٹی آئی کے امیدوار راجہ شاہنواز نے 60701ووٹ حاصل کیے ،ناصر محمود کے دوبارہ گنتی میں کامیاب ہونے پر لیگی کارکنوں نے جشن منایا اورریلی نکالی۔
ضمنی الیکشن کے معرکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پارٹی پوزیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 35 حلقوں میں سے سب سے زیادہ پندرہ نشتیں جیتیں۔تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی چار، خیبر پختونخوا کی چھ جبکہ پنجاب اسمبلی کی پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ ن لیگ مجموعی طور پر گیارہ نشستیں جیت کر دوسرے نمبر پر رہی۔
ن لیگ نے قومی اسمبلی کی چار، پنجاب اسمبلی کی چھ اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں ایک نشست جیتی۔ مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کی دو جبکہ متحدہ مجلس عمل نے قومی اسمبلی کی ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔
پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی کی دو جبکہ اے این پی نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے دو حلقوں سے فتح سمیٹی۔ پنجاب اسمبلی کے دو جبکہ بلوچستان اسمبلی کے ایک حلقے سے آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے۔