’کالے دھن سے بھرے سینکڑوں بینک اکاؤنٹس اچانک خالی‘

Last Updated On 22 October,2018 07:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سالوں سے رشوت اور بدعنوانی کا کالا پیسہ سنبھالنے والے بینک اکاؤنٹس محفوظ نہ رہے۔ ایف آئی اے کی تابڑ توڑ کارروائیوں کے بعد کالا دھن جمع کرنے والوں کا خوف، سیکڑوں بینک اکاؤنٹس سے بھاری رقم نکال لی گئی۔

 

جعلی اکاؤنٹس کے خلاف ایف آئی اے کی بڑھتی کارروائیوں نے ناجائز دولت بنانے والوں کو چوکنا کر دیا، کالے پیسے سے مبینہ طور پر بھرے سینکڑوں بینک اکاؤنٹس اچانک خالی ہو گئے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سینکڑوں بینک اکاؤنٹس سے بھاری رقم نکال لی گئی ہے۔ کراچی میں لین دین اب حوالہ اور کیش کے ذریعے ہونے لگا ہے۔ لین دین کو محفوظ بنانے کے لیے بلٹ پروف گاڑیاں بھی خرید لی گئی ہیں۔

اب تک سامنے آنے والے چھ سو جعلی اکاؤنٹس کی تحقیقات بھی جاری ہیں جس میں سیاسی رہنماؤں کے بعد اہم شخصیات، سرکاری افسران اور تاجروں کے نام سامنے آنے کا بھی امکان ہے۔