سعودی عرب نے پاکستانی ورکرز کیلئے ویزہ فیس کم کر دی

Last Updated On 25 October,2018 05:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی حکومت نے اپنے ملک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ویزہ فیس میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے، یہ فیصلہ وزیرِاعظم عمران خان کے دورے کے دوران کیا گیا۔

وزیر خزانہ اسد عمر نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستانیوں کیلئے کیے گئے اس اہم اقدام کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت نے وہاں کام کی غرض سے جانے والے پاکستانی ورکرز کیلئے ویزہ فیس میں نمایاں کمی کرتے ہوئے اسے 2 ہزار ریال سے کم کر کے صرف 300 ریال کر دیا ہے۔

یہ اہم فیصلہ سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان کی وزیرِاعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ اہم ملاقات میں سامنے آیا۔ اس اقدام کو سعودی عرب میں کام کی غرض اور سفر کیلئے جانے والے پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ سعودی عرب پاکستان کو ادائیگیوں کیلئے 3 ارب ڈالرز اور 9 ارب ڈالرز کا تیل دے گا۔ سعودی عرب کیلئے پاکستان کیلئے اس اہم پیکج کو ملکی معیشت کی بحالی کیلئے اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

 

Advertisement