ملک لوٹنے والوں کے احتساب کا وقت آ گیا ہے، نعیم الحق

Last Updated On 25 October,2018 10:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے قائدین نے دس سالوں میں ملک کو بے دردی سے لوٹا، ملک لوٹنے والوں کے احتساب کا وقت آ گیا ہے۔

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ سیاست میں خاندانی جماعتوں کی اجارہ داری ختم کرنے کی ضرورت ہے، چاہتے ہیں کسی ایک شخص یا خاندان کی اجارہ داری نہ ہو، فیملی ممبران کو ٹکٹ جاری کرنے پر عمران خان نے سرزنش کی، عمران خان کا پیغام پوری پارٹی تک پہنچ گیا ہے، ہم ایسے رجحات کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے دورِ اقتدار میں پیپلز پارٹی نے سندھ اور (ن) لیگ نے پنجاب کو شدید نقصان پہنچایا، دونوں جماعتوں میں اچھے لوگ بھی موجود ہے لیکن کسی ایک شخص میں اپنی لیڈرشپ کیخلاف بات کرنے کی جرات نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے قائدین نے دس سالوں میں ملک کو بے دردی سے لوٹا۔

معاون خصوصی برائے سیاسی امور نے کہا کہ اپوزیشن کسی نہ کسی طریقے سے احتساب سے جان چھڑانا چاہتی ہے، اپوزیشن کی جانب سے این آر او کی پوری کوشش کی جا رہی ہے، اس بات میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے، احتساب کا گھیرا ان کے اردگرد تنگ ہوتا جا رہا ہے، ہم ان کی کرپشن کو منظر عام پر لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں آڈیٹر جنرل کو 300 ارب کا حساب دینے سے انکار کیا گیا۔ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے پاس 300 ارب کا کوئی ریکارڈ نہیں، آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 300 اور سندھ میں بھی 300 ارب کا گھپلا کیا گیا۔