حکومت مدت پوری کرتی نظر نہیں آ رہی: شاہد خاقان عباسی

Last Updated On 22 October,2018 12:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے حکومت مدت پوری کرتی نظر نہیں آ رہی، عدم اعتماد کی تحریک پر ابتک کوئی مشاورت نہیں ہوئی، سرکار اعتماد کھوچکی ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تحریک انصاف کی حکومت اپنا اعتماد کھو چکی ہے، جو حالات ہیں مجھے نہیں لگتا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے۔ انہوں نے کہا عدم اعتماد کا آپشن اپوزیشن کے پاس ہوتا ہے، تاہم کوئی مشاورت نہیں ہوئی، آصف زرداری صاحب کا اپنا خیال ہے، نواز شریف تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں۔

ادھر لاہور ہائیکورٹ میں بغاوت کی کارروائی کیلئے کیس میں نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی نے جواب عدالت میں جمع کرا دیا۔ لاہورہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 3 رکنی فل بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عدالت میں پیش ہوئےجس پر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے استفسار کیا کہ  نواز شریف کیوں نہیں آئے؟۔

نواز شریف کے وکیل نصیر بھٹہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ آپ نے جواب کا کہا تھا، جو داخل کر دیا گیا ہے۔ جس پر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دیئے کہ اگر نواز شریف کسی وجہ سے پیش نہیں ہوسکتے تھے تو آپ کو درخواست دینی چاہیے تھی، درخواست دینا چاہتے ہیں تو دیں، قانون کے مطابق دیکھیں گے۔ عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر وکلا سے دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 نومبر تک ملتوی کر دی۔