پرامن اسلام کا امیج دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم

Last Updated On 06 November,2018 10:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے قیام کے لیے علمائے کرام اور دینی طبقات کی مشاورت ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر اطلاعات فواد چودھری بھی موجود تھے۔ نور الحق قادری نے وزیرِاعظم کو موجودہ صورتحال پر بریف کیا۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم پرامن اسلام کے امیج کو پوری دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں، حضور ﷺ کی سیرت طیبہ کے پیغامِ رحمت کو اپنی آئندہ نسلوں تک پہنچانا ریاست کی ذمہ داری ہے، مجھے ریاستِ مدینہ کے قیام کے لئے مشاورت کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں مشائخ اور علما کے ساتھ مسلسل بذاتِ خود رابطے میں رہوں گا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ 12 ربیع الاول کو نبی پاک ﷺ کا یوم ولادت شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا، اس سلسلے میں تمام صوبوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ اسلام آباد میں دو روزہ ختمِ نبوت انٹرنیشنل کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں میں امامِ کعبہ، جامعتہ الاظہر کے وائس چانسلر، شام کے مفتی، عراق اور تیونس کے علمائے کرام شرکت کریں گے۔