آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکج پر مذاکرات کا آغاز ہو گیا

Last Updated On 07 November,2018 08:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پہلے مرحلے میں پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کی تفصیلات اور معاشی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان آئی ایم ایف سے 6 سے 8 ارب ڈالر کا قرض پروگرام لے سکتا ہے۔

اسلام آباد میں وزارت خزانہ کے ذرائع نے دنیا نیوز کو بتایا کہ آئی ایم ایف کا وفد ہیرالڈ فنگر کے زیر صدارت پاکستان کے دورے پر ہے۔ آئی ایم ایف کے وفد نے وزارت خزانہ کے حکام سے ملاقات کی۔

مذکرات کے پہلا مرحلے معاشی کارکردگی پر بات چیت کی گئی۔ اس ملاقات میں سیکرٹری خزانہ عارف احمد خان، ایڈیشنل سیکرٹری ایکسٹرنل فنانس اور وزارت خزانہ کے دیگر حکام بھی شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے وفد کو معاشی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ ایکسٹرنل فنانس شعبہ کی جانب سے بیرونی قرضوں، ادائیگیوں اور قرض پر سود کی تفصیلات بھی فراہم کی گئیں۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق حالیہ سعودی پیکج اور چین کے ساتھ معاہدوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آئی ایم ایف وفد دو ہفتے پاکستان میں قیام کرے گا اور بیل آؤٹ پیکج دو ہفتوں کے اندر طے کیا جائے گا۔