اپوزیشن کو ساتھ لے کر پارلیمنٹ چلانا چاہتے ہیں، وزیراعظم

Last Updated On 08 November,2018 04:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ہم اپوزیشن کو ساتھ لے کر پارلیمنٹ کو چلانا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن ایوان کا ماحول خراب کرنا چاہتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں اراکین کو حکومت کی پالیسیوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ کو دورہ چین اور اقتصادی صورتحال پر اعتماد میں لیا، اجلاس میں احتجاج اور دھرنے کے بعد کی صورت حال پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بہترین طریقے سے امن وامان کی صورتحال کو کنٹرول کیا، دھرنے سے نمٹنے میں کامیاب نہ ہوتے تو چین سے فوری واپس آنا پڑتا، جس طرح دھرنے سے ہم نمٹے ہیں اس طرح کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپوزیشن کو ساتھ لے کر پارلیمنٹ کو چلانا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن ایوان کا ماحول خراب کرنا چاہتی ہے۔

اپنے اہم دوروں کے بارے میں اراکین کو آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین اور سعودی عرب کا دورہ کامیاب رہا، دونوں دوست ممالک ہماری مدد کر رہے ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ دورہ چین سے پاکستان کی اقتصادی مشکلات پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور ہمسایہ ملک چین کے تعاون سے ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوگا۔

 

Advertisement