حکومت عوام سے کیے وعدے پورے کرے، ہم ساتھ دیں گے: خورشید شاہ

Last Updated On 09 November,2018 08:29 pm

سکھر: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ہم شہروں کو لاک ڈاؤن، سول نافرمانی، پارلیمنٹ پر قبضہ اور بل نہ دینے والی سیاست نہیں کرتے، حکومت عوام سے کیے وعدے پورے کرے، ہم ان کا ساتھ دیں گے۔

سکھر کے نواحی علاقے کندھرا میں ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ کا کہنا تھا کہ ہم مسائل کے حل کے لئے حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، گالم گلوچ کی سیاست نہیں کرتے، ہم جھگڑے نہیں چاہتے، ملک کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شہید بھٹو اور بی بی والی سیاست کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی سپر طاقت کی کٹھ پتلی بننے کو تیار نہیں، کسی اور ملک کے ایجنڈے پر کام کرنا نہیں چاہتے، عوام کو خوشحالی، ترقی اور روزگار دیا جائے یہ ہماری خواہش ہے۔ اگر کوئی دشمن بھی پاکستانی عوام کی خدمت کرے تو اس کے ساتھ بھی تعاون کریں گے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ جمہوریت کی بنیاد 1970ء میں بھٹو نے رکھی اور بتایا کہ سب کے حقوق برابر ہیں اور ہر آدمی کے پاس ایک طاقت ہے۔ روشنی کی تلاش میں جانوں کی قربانی دے کر آگے بڑھے ہیں، وہ جمہوریت ختم ہوئی تو بے نظیر بھٹو نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر روشنی کا نیا سفر شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہندو برادری دیوالی کا تہوار اسی سوچ کے ساتھ مناتی ہے کہ پاکستان قائم رہے اور ترقی کرتا رہے۔ ہندو برادری کے دوستوں کو دیوالی کی مبارکباد دیتا ہوں، دیوالی کا مطلب ہے، اندھیرے کا خاتمہ روشنی کا مستقبل اور میری دعا ہے کہ دنیا سے اندھیرے ختم اور روشنی پھیلے، انسان کا مستقبل بہتر ہو، آج کا تہوار مل کر منا رہے ہیں اور ہندو برادری کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لئے مسلم برادری بھی ان کے ساتھ موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی ہندو، مسیحی، اقلیتی برادریوں کو اپنا حصہ سمجھتی ہے اور رہے گی اور ہم ایک ہیں۔ ہماری خوشیاں بھی ایک اور منزل بھی ایک ہے۔