سو دنوں میں تبدیلی آتی ہے نہ ہی ایسا کوئی دعویٰ کیا تھا: محمود الرشید

Last Updated On 12 November,2018 06:09 pm

کمالیہ : (دنیا نیوز) صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کمالیہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمالیہ میں جگہ تلاش کررہے ہیں، ایک ہزار گھر بنا کر غریبوں میں تقسیم کیے جائینگے۔ہمارا اصل مقصد ناجائز قابضین اور بڑے مگر مچھوں کیخلاف آپریشن کرنا تھا، نہ کہ غریب ریڑھی بانوں اور چھوٹے کاروباری افراد کیخلاف کوئی کاروائی کرنا تھا۔

100دنوں میں تبدیلی نہ ہی آتی ہے اور نہ ہی ایسا کوئی دعویٰ کیا تھا، البتہ 100دنوں میں سمت کا تعین کرنا اور روڈ میپ کا وعدہ کیا تھا اور سو دنوں میں حکومت ایک مثبت سمت کا تعین کر لے گی اور آپ کو اس کی درست سمت دکھائی دے گی۔ سابقہ حکومتوں نے جو گند پھیلایا ہے ابھی تک تو اسے ہی صاف کررہے ہیں۔ نیب کا چیئر مین پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے دور میں لگا، نیب کے تمام مقدمات ان لوگوں کے اپنے دور اقتدار میں قائم ہوئے ہیں۔ ہم نیب کے کسی بھی کام میں کوئی مداخلت نہیں کررہے ہیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی آئین کے مطابق ایک طاقتور بلدیاتی نظام لائے گی، موجودہ نظام ایک بیکار نظام ہے، جس میں اختیارات نچلی سطح پر ہرگز نہیں دیئے گئے ہیں۔ ہم اختیارات کو عام آدمی تک پہنچائیں گے تاکہ چھوٹے چھوٹے مسائل نچلی سطح پر ہی حل ہو جائیں۔ نئے نظام میں ویلیج کونسل کو مضبوط بنائیں گے اور وہ اپنے علاقہ کے فیصلہ جات خود کریں گے۔ نئے بلدیاتی نظام سے ایک انقلاب برپا ہوگا۔