منی لانڈرنگ کیس، زرداری، فریال کی عبوری ضمانتوں میں 10 دسمبر تک توسیع

Last Updated On 13 November,2018 03:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور اور دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 10 دسمبر تک توسیع ہو گئی۔ بینکنگ کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ عدالت میں آصف زرداری نے حسین لوائی سے بھی ملاقات کی۔

کراچی کے بینکنگ کورٹ میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، پی پی رہنما فریال تالپور، نمر مجید، ذوالقرنین مجید، علی مجید، منہال مجید، شہزاد جتوئی اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے تمام ملزمان کی ضمانت میں 10 دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ جس کے بعد آصف زرداری عدالت پہنچے اور کچھ دیر بیٹھنے کے بعد روانہ ہوگئے، چند منٹ بعد عدالت نے انہیں دوبارہ حاضری کیلئے طلب کیا، آصف زرداری واپس آئے اور حاضری لگائی۔

ایف آئی اے تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے سے متعلق پیش رفت رپورٹ پیش کی۔ عدالت نے مفرور نصیر عبداللہ، حسین لوتھا، عدنان جاوید، محمد عمیر سمیت 5 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے۔