حکومت نے برطانیہ سے اسحاق ڈار کی حوالگی کا کہہ دیا: ایڈیشنل اٹارنی جنرل

Last Updated On 14 November,2018 12:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ اسحاق ڈار کی حوالگی کے مطالبے پر برطانیہ نے سوالنامہ بھجوایا تھا جو نیب کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ میں اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے برطانیہ سے اسحاق ڈار کی حوالگی کا کہہ دیا ہے، جس کے بعد برطانوی وزارت داخلہ نے وفاقی حکومت کو ایک سوال نامہ بھیجا ہے، وہ سوال نامہ قومی احتساب بیورو کو بھجوا دیا گیا ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اب اسحاق ڈار کے علاج کا کوئی معاملہ تو نہیں رہا، وہ کہتے ہیں انصاف ملے گا تو پاکستان جائیں گے، پتہ نہیں ان کے انصاف کا معیار کیا ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ فاصلاتی نظام کے ذریعے انصاف تو نہیں چل سکتا۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت ایک ماہ کے لئے ملتوی کر دی۔