اسلام آباد: (دنیا نیوز) انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے معاملے پر چیئرمین شفقت محمود کے زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس ہوا، کمیٹی بننے کے بعد حکومتی رکن فواد چودھری نے ہی کمیٹی کے آئینی دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھا دیا۔
اجلاس کے بعد شفقت محمود نے کہا کہ فواد چودھری نے کمیٹی کے آئینی دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھایا ہے۔ فواد چودھری کے مطابق آرٹیکل 225 کے تحت کمیٹی الیکشن کی انکوائری نہیں کر سکتی، اگلے اجلاس میں تمام ممبرز اپنے اپنے ٹی او آرز لکھ کر دیں گے۔
کمیٹی رکن رانا ثنا اللہ نے کہا کہ معلوم تھا کہ حکومت دھاندلی کی تحقیقات سے بھاگنے کی کوشش کریگی، آرٹیکل 225 پارلیمنٹ کے آڑے کیسے آ سکتا ہے؟
سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کے اعتراضات سے متفق نہیں، اگلی میٹنگ میں اپنے ٹی او آرز میں پیش کریں گے۔